ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کمارسوامی نے سُمالتا سے جاری لفظی جنگ ختم کردی، ریاست کے دیگر مسائل پر توجہ دینے سابق وزیر اعلیٰ کا اعلان

کمارسوامی نے سُمالتا سے جاری لفظی جنگ ختم کردی، ریاست کے دیگر مسائل پر توجہ دینے سابق وزیر اعلیٰ کا اعلان

Sun, 11 Jul 2021 12:06:33    S.O. News Service

بنگلورو، 11؍جولائی(ایس او  نیوز)گذشتہ ایک ہفتہ سے منڈیا کی رکن پارلیمان سما لتا اور سابق وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی کے درمیان منڈیا کے کے آر ایس ڈیم میں دراڑ کے معاملہ پر جاری لفظی جنگ کو خود کمارسوامی نے ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ وہ اس معاملہ کی بجائے ریاست کے دیگر مسائل پر توجہ دینا بہتر سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ ان پر جس طرح کے الزامات لگائے جا رہے ہیں ان کا جواب ریاست کے عوام دیں گے وہ ان تمام کا جواب دے کر اپنا وقت ضائع کرنا نہیں چاہتے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں کے نام ایک پیغام میں کہا ہے کہ ریاست میں اور بھی مسائل ہیں جن پر توجہ درکار ہے۔ ریاست کی زبان، زمین، عوام کے مفادات سے جڑے تمام مسائل کو اٹھا کر جنتا دل(ایس) کی طرف سے تحریک جاری رکھی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کو اب ضرورت ہے کہ کاویری مسئلہ اور ریاست کے دیگر سلگتے ہوئے مسائل پر توجہ دے اور جو معاملہ حال ہی میں بحث کا موضوع بنا اس کا فیصلہ عوام پر چھوڑ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے اس بحران کے دوران جے ڈی ایس نے کبھی سیاست نہیں کی۔ لیکن اس کے ساتھ ہی پارٹی کے اپنے عوام پرور موقف کو بھی ترک نہیں کیا۔ کمارسوامی نے کہا ہے کہ ایک علاقائی سیاسی قوت کے طور پر جے ڈی ایس کرناٹک کے مفادات کی حفاظت کرنے کی اپنی ذمہ داری میں کبھی غفلت نہیں برتے گی اور آنے والے دنوں میں ایک علاقائی سیاسی جماعت کو جس انداز میں ریاست کے مفادات کی نمائندگی کرنی ہے اسی انداز میں وہ اپنا کام جاری رکھے گی۔

اس دوران منڈیا کی رکن پارلیمان سما لتانے کمارسوامی کی طرف سے لفظی جنگ کو ختم کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس تکرار کو شروع انہوں نے ہی کیا تھا،اب اگر وہ خود اسے ختم کرنا چاہتے ہیں تو خوشی کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ نکتہ چینی کرنے کے معاملہ میں بدقسمتی سے ذاتیات تک پہنچ چکے تھے۔ اب اگر اس کو ختم کرنے کی بات ہی ہے تو اچھا ہے۔ سما لتا نے کہا کہ کرشنا راجہ ساگر ڈیم کو بچانے کے لئے اپنی تحریک کو انہوں نے جاری رکھنے کافیصلہ کیا ہے۔ریاستی وزیر برائے کانکنی سے انہوں نے ملاقات کے لئے وقت مانگا ہے۔ اس ملاقات کے دوران وہ تمام تفصیلات فراہم کریں گی۔


Share: